بھارتی فورسز نے مسجد سمیت 4 گھر دھماکے سے اڑادیئے، 3 کشمیری بھی شہید

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے اونیرا میں رات گئے مقامی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی اور اس دوران فائرنگ کر کے تین نوجوانوں کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید نوجوانوں کی شناخت عمر ماجد شیخ، عادل ملک اور عرفان الشیخ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آپریشن کے دوران بھارتی فورسز نے ایک مسجد کو دھماکے سے شہید کردیا جب کہ ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قابض فورسز نے 4 گھروں کو بھی دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ ادھر قابض فورسز کے آپریشن کے دوران مسلح افراد نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ قابض بھارتی فوج کے آپریشن اور تین نوجوانوں کی شہادت کے بعد لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بربریت کے خلاف شدید احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے قابض فورسز نے پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لئے ڈسٹرکٹ اسپتال کلغام منتقل کردیا گیا ہے۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.