رائیونڈ روڈ کی تعمیر کا معاملہ: نیب کا شہباز شریف کو رواں ماہ دوسرا نوٹس

نیب لاہور نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کورواں ماہ دوسرا نوٹس جاری کر دیا۔ نیب نے شہباز شریف سے رائے ونڈ میں غیر قانونی سڑک کی تعمیر پر 29 جنوری تک مکمل دستاویز اور جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

چئیرمین نیب کی سربراہی میں ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے دی گئی منظوری کے بعد تحقیقاتی ٹیم ایکٹیو ہوگئی، رائیونڈ روڈ کرپشن ریفرنس پر نیب نے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہوئی ہے۔ نیب کی خصوصی ٹیم نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر محکموں سے ریکارڈ مانگ لیا ہے اور نیب ذرائع کے مطابق 29 جنوری تک مکمل دستاویز اور جواب جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔

نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ رائیونڈ روڑ کیس سے متعلق مختلف افراد اور محکموں سے ریکارڈ طلب کیا گیا ہے جبکہ نیب کا ریکارڈ مانگنے سے متعلق نوٹس ملا یا نہیں، ترجمان پنجاب حکومت جواب دینے سے گریزاں ہیں۔

خیال رہے 17 برس قبل مبینہ طور پر رائیونڈ سے اپنے گھر تک غیر قانونی دو رویہ سڑک تعمیر کر کے ساڑھے 12 کروڑ کا خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے جس کے بعد راؤنڈ روڑ کی توسیع اور تعمیر و مرمت پر کروڑوں روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اس حوالے سے مکمل تحقیقات شروع کی گئیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.