‘زینب کے اہل علاقہ تحقیقاتی ٹیم کا ساتھ دیں، مدد کرنیوالے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا’

وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قوم کی بیٹی سے درندوں نے زیادتی کی، زینب قتل کیس کی پیشرفت کا جائزہ لینے قصور آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کیس کی تحقیقات کیلئے پوری ٹیم دن رات کوشش کر رہی ہے، مجرموں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جے آئی ٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں تحقیقات کر رہی ہیں، نادرا، پنجاب فرانزک لیب کا تعاون بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا ذاتی طور پر معاملے کی دن رات نگرانی کر رہا ہوں، واقعہ کے حوالے سے کوئی قیاس آرائی نہ کی جائے، ملزم کی گرفتاری کے لیے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔ ان کا کہنا تھا پوری قوم زینب کے والدین کے دکھ میں شریک ہے، زینب کے اہل علاقہ تحقیقاتی ٹیم کا ساتھ دیں، جے آئی ٹی کی مدد کرنے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ سائنسی بنیادوں پر پیشرفت جاری ہے، ہم نے تحقیقات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا مردان میں قتل ہونے والی 4 سالہ بچی بھی قوم کی بیٹی ہے، کیا مال روڈ پر آنے والے قوم کی بیٹیوں زینب اور عاصمہ کیلئے بھی آنسو بہائیں گے۔
This entry was posted in قومی. Bookmark the permalink.