سازش کے تحت ایم کیوایم حقیقی ٹوکے قیام کی بنیاد رکھ دی گئی، فاروق ستار

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سازش بے نقاب ہوگئی، میرے نادان، ناسمجھ ساتھیوں، بھائیوں نے ثابت کردیا کہ مسئلہ ایک فرد کا یا سینیٹ کی سیٹوں کا نہیں ہے پارٹی سربراہی اور پارٹی پر قبضے کا ہے، میرے ساتھیوں نے بردارانِ یوسف کا کردار ادا کرتے ہوئے آج ایم کیوایم حقیقی ٹو کےقیام کی بنیاد رکھی۔ فاروق ستار نے کہا کہ میں نے اتنی غلطیاں کی تھیں تو سینیٹ الیکشن کا انتظار ہی نہیں کرنا چاہیے تھا، مسئلہ ساری سیٹوں پر اپنے من پسند لوگوں کو نامزد کرنے کا تھا، نیک نیتی تھی تو یہ قرارداد7فروری کو کیوں منظور کی گئی؟ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ میں پھر بھی یہ نہیں کہوں گا کہ مجھے کیوں نکالا؟ انہوں نے مجھے نہیں نکالا بلکہ ایک ایک کارکن کو نکالا گیا ہے، میرے اسیروں اور لاپتہ ساتھیوں کےخون کا سودا کیا گیاہے، معاملہ سیٹ پر قبضہ دینے کےاختیار کا تھا۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.