سمارٹ انگوٹھی جو فون کا کام سرانجام دے سکتی ہے

لاہور:سٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں اضافے اور موبائل کے گر جانے یا کھو جانے کے ڈر سے سمارٹ فونز کا گھر سے باہر استعمال نہایت احتیاط کا متقاضی ہے ۔ تاہم اب ہانگ کانگ کی ایک کمپنی نے ایک سمارٹ انگوٹھی تیار کرلی ہے جو گھر سے باہر آپ کیلئے سمارٹ فون کا کام سرانجام دے سکتی ہے ۔ اوری نامی یہ انگوٹھی سمارٹ فون سے کنیکٹ ہو کر مختلف ایپلی کیشنز کے ذریعے آپ کو آنیوالی کالز اور پیغامات سے آگاہ رکھے گی ۔اس انگوٹھی کو بون کنڈکشن نامی طبی تکنیک کے تحت تیار کیا گیا ہے ۔اس تکنیک میں ہڈیوں کے ذریعے کان کے اندرونی خلیات تک پیغامات کی ترسیل کی جاسکتی ہے ۔ اس سے قبل یہ طریقہ کار صرف سننے سے معذور افراد کیلئے استعمال کیا جارہا تھا تاہم اب عام افراد کیلئے اس کی دستیابی ایجادات کی دنیا میں اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے ۔   اوری   انگوٹھی کو پہننے کے بعد آپ کسی بھی وقت نہایت خفیہ طور پر اپنے پیغامات کے بارے میں جان سکتے ہیں ۔ یہ پیغامات صرف آپ کے کانوں تک ہی پہنچیں گے اور کوئی دوسرا شخص ان سے آگاہ نہیں ہوسکے گا چاہے وہ کتنا ہی قریب کیوں نہ بیٹھا ہو ، اسے تیار کرنیوالوں نے اسے ٹچ انٹر ایکشن کی جگہ وائس انٹر ایکشن قرار دیا ہے ۔
This entry was posted in Science and Technology, اہم خبریں. Bookmark the permalink.