سندھ سمیت ملک کا ہر بچہ سکول میں دیکھنا چاہتے ہیں، بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ سمیت پورے ملک کا ہر بچہ، خواہ لڑکا ہو یا لڑکی سکول میں دیکھنا چاہتے ہیں، تعلیم ہی وہ واحد ہتھیار ہے جس سے جہالت کے باعث پیدا ہونے والی برائیوں کو شکست اور ایک بہتر معاشرے کو فروغ دیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت سندھ کی جانب سے صوبے میں تعلیم کی ترقی اور خواندگی کی شرح میں اضافے کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں وزیر اعلی سید مراد علی شاہ، صوبائی وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈھر، مینیجنگ ڈائریکٹر برائے سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن ناہید ایس درانی اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کی قیادت میں ان کی ٹیم نے پارٹی چیئرمین کو حکومتِ سندھ کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات اور اسکولوں میں بچوں کے داخلوں میں خاطرخواہ اضافے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی پارٹی کے منشور میں تعلیم کو ہمیشہ ہی اولین ترجیحات میں شامل کیا جاتا ہے ، اس لئے حکومت سندھ کو اس ضمن میں مقرر کردہ ٹارگیٹس کے حصول کے لئے فعال کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ عالمی بینک نے حکومت سندھ کی جانب سے تعلیم کو بہتر بنانے کے اقدامات کو سراہا ہے ۔ خیال رہے کہ عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں سندھ اسکول مانیٹرنگ سسٹم کو سراہا ہے ، جو کہ صوبے کے 15 اضلاع اور دور دراز علاقوں میں فعال ہے ۔ اس کے ذریعے اسکولوں کے اسٹاف، طلبہ اور اسکول کے انفرا اسٹرکچرز کی نگرانی کی جاتی ہے ۔ 26،200 اسکولوں کے 201000 اساتذہ اور غیرتدریسی عملے کے کوائف کو بائیومیٹرک سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے ۔
This entry was posted in Uncategorized. Bookmark the permalink.