سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے جمعرات کے روز اسپیکر ہاوٗس میں ملاقات۔ تفصیلات جانئے بادبان رپورٹ میں۔

بادبان رپورٹ : ملک کو درپیش چیلینجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں صبر و تحمل سے کام لینے اور آپس کے اختلافات کو بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے: اسپیکر قومی اسمبلی 
ا2019 سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے وزیر اعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے جمعرات کے روز اسپیکر ہاوٗس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی معاشی وسیاسی صورت حال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 اسپیکر نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلینجوں پر قابو پانے کیلئے ہمیں صبر و تحمل سے کام لینے اور آپس کے اختلافات کو بھلا کر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں موجود تمام اراکین ان کی نظر میں برابر اور یکساں اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پر امن رکھنا اور عوامی نوعیت کی قانون سازی کے عمل میں تیزی لانا ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ندیم افضل چن کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے اور وہ خود بھی ایک سر گرم اور منجھے ہوئے سیاسی رہنما ہیں بطورِ ترجمان وزیر اعظم ان کی تقرری ایک اچھا فیصلہ ہے۔
ترجمان وزیراعظم ندیم افضل چن نے اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ایوان میں ان کے غیر جانبدارانہ کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک سے دہشت گردی، غربت ، ناخواندگی اور کرپشن کے خاتمے اور عام آدمی کے معیار زندگی کو بلند کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ موجودہ حکومت مثبت پالیسیوں کی بدولت ملک کو درپیش چلینجوں پر قابو پانے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں کامیاب ہو گی۔