سینئرز کا خلا پر کرنے کیلئے سلمان بٹ نے خود کو پیش کر دیا

لاہور: قومی ٹیم میں واپسی کیلئے پرامید سابق کپتان سلمان بٹ نے کہا ہے کہ میں یونس خان اور مصباح الحق کی جگہ پاکستانی بیٹنگ لائن کا حصہ بننا چاہتا ہوں۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مصباح اور یونس نے ٹیسٹ فارمیٹ میں پاکستانی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں عظیم کھلاڑیوں کے خلا کو پر کرنا نہایت مشکل ہے لیکن اگر مجھے یہ موقع دیا جاتا ہے تو میں اس خلا کو پر کرنے کی بھرپور کوشش کر وں گا تاہم میری اصل توجہ اوپننگ پر ہی ہے۔ سابق ون ڈے کپتان اظہر علی کے حوالے سے انہوں نے کہا اظہر نے بطور اوپنر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن گزشتہ چند سال سے پاکستان ٹیسٹ ٹیم میں ایک مناسب اوپنر کی ضرورت ہے۔ سلمان بٹ نے کہا اظہر علی تیسرے نمبر پر بھی شاندار بلے بازی کر سکتے ہیں۔ اپنے مستقبل کے حوالے سے 32 سالہ کرکٹر نے کہا ان کی اب بھی 6 سے 7 سال کی کرکٹ باقی ہے جس کے لیے وہ اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔ گزشتہ 7 سال کے دوران ہونے والی تبدیلیوں کے حوالے سے سلمان بٹ نے کہا کہ کرکٹ صورتحال اور گراؤنڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے کھیلی جاتی ہے اور میں اپنے آپ کو اس اعتبار سے تیار کر چکا ہوں۔ انہوں نے کہا پی ایس ایل کھیلنا چاہتا ہوں اور امید ہے کہ جلد مجھے اس کا حصہ بنا لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کے لئے پرفارمنس درکار ہوتی ہے اور سب جانتے ہیں کہ میں نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
This entry was posted in قومی, کھیل, اہم خبریں. Bookmark the permalink.