عام انتخابات: الیکشن کمیشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس 20 ستمبر کو طلب

اسلام آباد:  الیکشن کمیشن کی پلاننگ کمیٹی کا اجلاس 20 ستمبرکو طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں انتخابی فہرستوں میں نظر ثانی کے معاملے سمیت انتخابات سے متعلق اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے علاوہ الیکشن کمیشن کے اعلی حکام شرکت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کے لیے درکار انتخابی میٹریل کا جائزہ لیا جائے گا۔ عام انتخابات کے لیے درکار بیلٹ پیپرز اور انکی چھپائی کے امور بھی زیر بحث آئیں گے، اجلاس میں انتخابی فہرستوں میں نظر ثانی کا معاملہ بھی زیر بحث لایا جائے گا۔ اجلاس میں بائیومیٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے تجرباتی بینادوں پر استعمال اور نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا، الیکشن کمیشن اور انتخابی عملے کی ٹریننگ کے امور بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔ انتخابی مواد کے رکھنے کے لیے سٹوریج سہولیات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے بھی معاملہ زیر بحث لایا جائے گا۔ ووٹرز گیپ کو ختم کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.