عمران خان نے سہانے خواب دکھا کر عوام کو دھوکا دیا۔ ویزا پالیسی میں رعایتیں بھی ہمارے دور میں دی گئیں، آٹو موبائیل اور گاڑیوں کے پلانٹ کے معاہدے بھی سابق دور میں کیے گئے، سوئس حکومت کیساتھ معاہدہ ہماری حکومت نے کیا، توانائی اور گیس کی تلاش کے معاہدے بھی شاہد خاقان عباسی کے دور میں ہوئے لیکن وزیراعظم نے ڈھٹائی کیساتھ یہ کریڈٹ لینے کی کوشش کی۔ حکومت صرف ڈرامہ کر رہی ہے عوام کو ریلیف کے لئے کچھ بھی نہیں۔ احسن اقبال

بادبان رپورٹ
تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا ستر سال کا سب سے بڑا دھوکا ہے۔ ایک سازش کے ذریعے ہماری تمام کامیابیوں کو ناکامیاں بنا کر پیش کیا گیا، کرپشن اور قرضوں کے نام نہاد افسانے بنائے گئے۔ عمران خان نے جھوٹے اور سہانے خواب دکھا کر لوگوں کو دھوکا دیا۔

احسن اقبال نے کہا کہ دو فیصد گروتھ ریٹ گرنے کی وجہ سیاسی کرائسسز ہے، کوئی بھی ملک اپنی گروتھ کیساتھ مذاق نہیں کرتا۔ ہمارے دور میں ورلڈ بینک ہی نہیں آئی ایم ایف کہہ رہا تھا کہ 2019ء میں پاکستان کی معیشت بہتر ہو جائے گی۔ کیا ورلڈ بینک اورآئی ایم ایف سے ہمارے قرضے چھپے ہوئے تھے؟ پوری دنیا کے سرمایہ کار اور ریٹنگ ایجنسیاں پاکستان کی معاشی بہتری کا اعتراف کر رہے تھے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیا پاکستان کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آنے والی حکومت پرانے پاکستان کی پالیسی پراجیکٹ کی نقل کر رہی ہے۔ ویزا پالیسی میں رعایتیں بھی ہمارے دور میں دی گئیں، آٹو موبیل اور گاڑیوں کے پلانٹ کے معاہدے بھی سابق دور میں کیے گئے، سوئس حکومت کیساتھ معاہدہ ہماری حکومت نے کیا، توانائی اور گیس کی تلاش کے معاہدے بھی شاہد خاقان عباسی کے دور میں ہوئے لیکن وزیراعظم نے ڈھٹائی کیساتھ یہ کریڈٹ لینے کی کوشش کی۔