‘عوام کوستے ہوں گے نئے پاکستان کا خالی نعرہ لگانے والے کو ووٹ کیوں دیا’

ملتان: ملتان میں سپیڈو بس کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دھرنے والے پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بنے، معشیت کی چولیں ہلا دیں۔ انہوں نے کہا 2014 میں چینی صدر دورے پر آ جاتے تو آج ملک میں سی پیک کے متعدد منصوبے جلد مکمل ہو جاتے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور کی میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والوں نے 2014 میں پشاور میں میٹرو بس منصوبہ بنانے کا اعلان کیا لیکن سوا چار سال گزرنے کے باوجود آج تک وہاں ایک اینٹ بھی نہیں لگی، اگر وہاں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو 11 مہینے میں میٹرو بس بنتی۔ انہوں نے کہا عمران خان نے پاکستان مخالفت اور دشمنی کا ثبوت دیا، مخالفین نے سی پیک میں رکاوٹیں ڈالنے کی بھرپور کوشش کی۔ شہباز شریف نے کہا عمران خان نیازی نے محض نئے پاکستان کا نعرہ لگایا، کام نہیں کیا، عوام بھی کوستے ہوں گے کپتان کو ووٹ کیوں دیا۔ انہوں نے کہا نیازی صاحب کہتے تھے کہ لاہور میٹرو بس پر 70 ارب روپے خرچ ہوئے لیکن 30 ارب سے ایک ڈھیلا بھی زیادہ خرچ نہیں ہوا، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والے اشرافیہ اب اورنج لائن ٹرین کو روک رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سپیڈو بس کے کارڈ کا مسئلے کے حل کے لئے کمیٹی بنا دی ہے جو آئندہ ایک سے دو روز میں اس مسئلے کا حل بھی نکال لے گی۔ شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے جس سے جنوبی پنجاب جلد سینٹرل پنجاب کے برابر آ جائے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر زراعت سکندر حیات بوسن، وفاقی وزیر سید جاوید علی شاہ اور مئیر ملتان نے بھی خطاب کیا۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.