فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری، 15 گھنٹوں میں 9مریض جاں بحق

نیوز کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے ہٹ دھرمی اوربے حسی کی انتہا کردی  فیصل آبادمیں الائیڈ اسپتال کےایمرجنسی وارڈ میں گزشتہ کئی روز سے جاری ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال سے مریض رل گئے، ہڑتال کی وجہ سے اسپتال میں متعدد آپریشن ملتوی کردئیے گئے جب کہ ایمرجنسی میں بھی سنیئر ڈاکٹرز ہی فرائض انجام دیتے رہے۔ ڈاکٹرز کی کمی کے باعث میڈیکل ایمرجنسی وارڈ میں مریض بے یارو مددگار پھرتے رہے، لیکن ڈاکٹرز کو لاچار مریضوں پر رحم نہ آیا اورانہوں نے مریضوں کا علاج کرنے سے انکار کردیا جس کے باعث 15 گھنٹوں میں 9 مریض جاں بحق ہوگئے، جب کہ سرجیکل ایمرجنسی اور ان ڈور آؤٹ ڈور ہلاکتیں اس کے علاوہ ہیں۔ اسپتال ریکارڈ کے مطابق ہلاکتیں ینگ ڈاکٹرز کے ہڑتال پر جانے کے باعث ہوئیں جب کہ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت جب ینگ ڈاکٹرز ایمرجنسی وارڈز میں کام کررہے تھے تو کوئی ہلاک نہیں  ہوا تھا۔ واضح رہے کہ  راولپنڈی کے تینوں سرکاری اسپتال الائیڈ ، ہولی فیملی اور بینظیر بھٹو شہید اسپتال میں گزشتہ کئی روز سے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کہ دور دراز سے آنے والے مریض بغیر علاج کے واپس جانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.