لاہور ہائیکورٹ: شریف خاندان کی اتفاق ٹیکسٹائل ملز کی نیلامی کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے اتفاق ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کو 15 دسمبر کو نیلام کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اتفاق ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کی نیلامی کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔ اتفاق ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کی نیلامی کیلئے درخواست مقامی بینک کی جانب سے دائر کی گئی۔ بینک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ اتفاق ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے کاروبار کیلئے قرض حاصل کیا اور قرض کیلئے 27 کنال ایک مرلہ پر مشتمل اتفاق ٹیکسٹائل ملز رہن رکھوائی۔ بینک کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈیفالٹر میاں ہارون یوسف، میاں یوسف عزیز، کوثر یوسف، سائرہ فاروق، عائشہ ہارون نے قرض کیلئے گارنٹی بھی دی لیکن قرض کی عدم ادائیگی پر اتفاق ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کو سال 2000 میں ڈیفالٹر قرار دیا گیا۔ بینک کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ڈیفالٹر اتفاق ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے خلاف عدالتی ڈگری بھی جاری ہو چکی ہے، ملز مالکان نے ڈگری کی بقایا رقم 11 کروڑ 95 ہزار روپے ادا نہیں کئے لہذا رقم کی ریکوری کیلئے اتفاق اڈہ پر واقع اتفاق ٹیکسٹائل ملز کو نیلام کرنے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل اور اعتراضات سننے کے بعد اتفاق ٹیکسٹائل ملز کی نیلامی کیلئے 15 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دی۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.