لڑکی کو بلیک میل کرنے والا نوجوان گرفتار

  ایف آئی اے کے مطابق ملزم حماد کا تعلق کوئٹہ سے ہے اور وہ موبائل کی خریدوفروخت کا کام کرتا ہے، ملزم نے عمیر نامی شخص سے استعمال شدہ موبائل خریدا اور اُس کا ڈیٹا ریکور کیا جس کے بعد لڑکی کی قابلِ اعتراض ویڈیو حاصل کیں اور اُسے بلیک میل کرنا شروع کیا۔ ملزم کے مطابق اُس نے جو موبائل خریدا اُس میں متعدد لڑکیوں کے نمبرز موجود تھے جن میں سے اُس نے مذکورہ لڑکی کا نمبر نکالا اور اُسے فون پر اپنی خواہش منوانے کا کہتے ہوئے دھمکی بھی دی کہ اگر اُس نے انکار کیا تو وہ تصاویر انٹرنیٹ پر شیئر کردے گا۔ لاہور کی رہائشی لڑکی نے اپنے والد محمد طارق کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے ایف آئی اے میں ملزم کے خلاف درخواست دائر کی، متاثرہ لڑکی کے والد کی درخواست پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو مزنگ میٹرو اسٹیشن سے گرفتار کیا۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ترجمان کے مطابق ملزم نے تفتیش کے دوران اپنے گھناؤنے جرم کا اعتراف کرلیا جس کے بعد اُس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.