مُلک بھر میں گیس بحران: وزیراعظم کے سخت ترین فیصلے۔ وزیر اعظم کے حکم پر سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز تحلیل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ملک میں گیس بحران پر مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو تبدیل کرنے کا حکم دے دیا جس پر عملدرآمد کردیا گیا ہے۔

ملک میں گیس بحران پر وزیراعظم عمران خان نےگزشتہ روز ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا جس میں سوئی سدرن اور ناردرن کے مینیجنگ ڈائریکٹرز کے خلاف تحقیقات کا حکم دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سوئی سدرن اور ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو فوری تحلیل کردیا  ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سوئی ناردرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ارکان کی تعداد 14 اور سوئی سدرن گیس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد 11 ہے۔

ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیوں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ناقص کارکردگی پر تبدیل کیا گیا جب کہ دونوں کمپنیوں کے ایم ڈیز کے خلاف پہلے ہی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جو 4 رکنی کمیٹی کررہی ہے، کمیٹی تحقیقات میں بیرونی ماہرین کی خدمات حاصل کرسکتی ہے۔