نیب ٹیم شہباز شریف کو لے کر لاہور سے اسلام آباد روانہ

نیب ٹیم اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو لے کر لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگئی جہاں (ن) لیگ کے صدر قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ 

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے نیب کی تحویل میں موجود اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جاچکے ہیں اور وہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ 

قومی احتساب بیورو (نیب) افسران کی دو رکنی ٹیم شہباز شریف کے ہمراہ ہے اور انہیں پی آئی اے کی پرواز پی کے 652 سے اسلام آباد لے جایا جارہا ہے۔

پولیس اور نیب راولپنڈی کی ٹیمیں شہباز شریف کو ایئرپورٹ سے پارلیمنٹ تک لائیں گی، نیب ٹیم شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز کے حوالے کرے گی اور قومی اسمبلی اجلاس کے بعد سارجنٹ ایٹ آرمز شہباز شریف کو نیب ٹیم کے حوالے کریں گے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کریں گے اور اس موقع پر تمام ن لیگی ارکان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوں گے۔