واہگہ اور گنڈا سنگھ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقاریب، پاکستان زندہ باد کی گونج

یوم پاکستان پر واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ہر سو سبز پرچموں کی بہار آ گئی۔ پنڈال کھچا کھچ بھر گیا اور یوم پاکستان کا جوش و جذبہ عروج پر رہا۔ قدم سے قدم ملاتے، مکے اور بازو دکھاتے رینجرز کے جوانوں نے شرکاء کا لہو بھی گرما دیا۔ وطن کے جوشیلے محافظوں کے بوٹوں کی دھمک نے دشمن پر لرزہ طاری کئے رکھا۔ کیا بچے، کیا جوان، کیا خواتین اور کیا بزرگ، ہر ایک کا جذبہ حب الوطنی عروج پر رہا۔ سبز ہلالی پرچم تھامے شہری فلک شگاف نعرے لگا کر سپاہیوں کے حوصلے بڑھاتے رہے۔ شاندار آتشبازی نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ پہلی بار رینجرز کے خصوصی بینڈ نے بھی پریڈ میں حصہ لیا۔ مسحورکن دھنوں نے سماں باندھ دیا۔ رینجرز کے بینڈ کی شاندار پرفارمنس نے شرکاء کے دل موہ لئے۔ گنڈا سنگھ والا بارڈر پر بھی پرچم اتارنے کی تقریب میں رینجرز کے چاک و چوبند جوانوں نے دشمن پر دھاک بٹھا دی۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑوں اور ملی نغموں کی گونج بھی پاکستانیوں کے عزم و استقلال کی ترجمانی کرتی رہی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔  
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.