پاکستان میں 18 وزرائے اعظم آئے، کوئی بھی اپنی مدت پوری نہیں کر سکا

اسلام آباد:  وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے لوک ورثہ میوزیم میں تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 18 وزرائے اعظم آئے، کوئی بھی اپنی مدت پوری نہیں کر سکا، تمام اداروں کو قانون و آئین کی پاسداری کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا آئین کو پڑھے بغیر حقوق اور فرائض سے آگاہی ممکن نہیں، پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا پارلیمان عوام کے 20 کروڑ ووٹ سے ان کی نمائندگی کرنے والا واحد ادارہ ہے، پارلیمنٹ کبھی مارشل لا کی نذر ہوئی۔ انہوں نے کہا پارلیمنٹ ملک کا سب سے زیادہ خود مختار ادارہ ہوتا ہے، 1999 کے بعد 9 سال آمریت رہی،ان 9 سالوں میں کیا ترقی ہوئی، پاکستان میں آمریت اور جمہوریت کا موازنہ کریں جواب خود مل جائے گا۔ جب پارلیمان میں لوگ موجود ہوں گے تب پاکستان کے لوگوں کے حقوق کی بات ہو گی۔ وزیر مملکت نے مزید کہا پاکستان میں مینڈیٹ ملنے والے اوسطً پونے 2 سال اپنی مدت پوری کر سکے، 2013 میں ملک اندھیروں میں ڈوب رہا تھا، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا نوازشریف نے وعدہ کیا تھا 2018 میں پاکستان میں زیرو لوڈ شیڈنگ ہو گی، بھکی پاور پروجیکٹ دنیا میں کم ترین مدت میں مکمل ہونے والا پروجیکٹ ہے، پاکستان میں پہلی بار ایجوکیشن ریفارمز کی گئیں، ہر بچے کے لیے تعلیم کو مفت کیا گیا۔ انہوں نے کہا سی پیک مکمل ہونے کے ثمرات عوام کو ملیں گے، کسی منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن کا بھی الزام نہیں ہے، موجودہ وزیراعظم پر بھی ایل این جی کے الزام لگے، پاکستان میں کم ترین ریٹ پر ایل این جی درآمد کی جا رہی ہے، الزامات اور حقیقت میں فرق الزام لگانے والے کو بھی سمجھنا چاہیے، عوام کے ووٹوں کی عزت ہر ادارے کا فرض ہے۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.