‘پرواز سے ہیروئن ملنے کی تصدیق نہیں ہوئی، جے آئی ٹی تفتیش کریگی’

وزیر اعظم کے مشیر برائے امورِ ہوابازی سردار مہتاب احمد خان عباسی نے شہر اقتدار میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کے ہیتھرو ایئرپورٹ لندن پر سرچ کئے جانے والے طیارے سے ہیروئن برآمد ہونے کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی، واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دیں گے، اگر جرائم پیشہ افراد نے قومی ایئر لائن کو استعمال کیا تو معاف نہیں کرینگے۔ مہتاب عباسی نے مزید کہا کہ یہ صرف ایئر لائن کا نہیں، قومی وقار کا مسئلہ ہے، واقعہ پر کبھی مٹی نہیں ڈالی جائے گی، ماضی میں بھی پی آئی اے کا ادارہ شدید بدنظمی کا شکار رہا ہے، ماضی میں ہونے والے واقعات پر ذمہ داروں کو سزا نہیں ہوئی۔ مہتاب عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ابھی تک ساری معلومات میڈیا سے ملی ہیں، طیارے کے کیپٹن واپس آ چکے ہیں، تشویش ہے کہ برطانیہ نے پاکستان کو آگاہ کیوں نہیں کیا، برطانیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستانی حکام کو آگاہ کرے۔ مشیر ہوا بازی نے یہ بھی بتایا کہ ہائی کمیشن سے درخواست کی ہے کہ اس معاملے کو برطانوی حکام کے سامنے اٹھائے۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.