پشاور: صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب ایف سی کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔ پشاور کے علاقے صدر روڈ پر ریلوے اسٹیشن کے قریب سے ایف سی کا قافلہ گزر رہا تھا کہ اچانک دھماکہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر خاتون اور ایف سی اہلکار سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 12 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایف سی کی ڈبل کیبن گاڑی سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا جب کہ ایک موٹر سائیکل اور رکشہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردیں جب کہ ریسکیو ٹیموں نے حملے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ زخمی ہونے والے افراد میں 2 ایف سی اہلکار اور 10 سویلین شامل ہیں۔