پٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے دام، عوام پھٹ پڑے، شہر شہر احتجاج

مہنگائی کی چکی میں پسی عوام حکومت کی جانب سے ملنے والے نئے سال کے تحفے کے خلاف سیخ پا نظر آتی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ انہیں ریلیف دینے کی بجائے پٹرول کی قیمت بڑھا دی گئی ہے، قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے۔



حکومت نے نئے سال کے پہلے دن عوام پر پٹرول بم گرایا تو شہری پھٹ پڑے۔ ملک کے مختلف شہروں میں فیصلے کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ ملتان میں رکشہ ڈرائیورز نے عزیز ہوٹل چوک پر احتجاج کیا۔ کسی نے کان پکڑے تو کوئی مرغا بن کر حکومت کیخلاف نعرے لگاتا رہا۔



پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کر دیا جس پر عام شہری بھی مہنگائی کا رونا روتے رہے۔

سکھرمیں بھی شہریوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے علامتی پتلے کو کھمبے پر لٹکا کر پھانسی دی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری واپس نہ لیا گیا تو احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.