چودھری نثار کے علاوہ نواز کابینہ کے تمام وزراء کو برقرار رکھنے کا فیصلہ

مری: کس کو کون سی وزارت دیں؟ نون لیگ کے بڑوں نے مری میں پانچ گھنٹے مشاورت کی۔ اجلاس میں داخلہ، خارجہ اور دفاع کی وزارتوں کیلئے مختلف ناموں پر غور کیا گیا۔ شہباز شریف کو وفاق میں ذمہ داری دینے یا نہ دینے پر بھی سوچ بچار کی گئی۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی طویل مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہو گئے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب ابھی مری میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ ہی موجود ہیں۔ مشاورتی اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔ دوسری جانب، دانیال عزیز اور مریم اورنگزیب بھی ڈونگا گلی میں واقع حمزہ شہباز کے گھر پہنچ گئے ہیں۔ لیگی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ بیشتر وزارتیں انہیں وزراء کے پاس رہیں گی جو نواز کابینہ میں انہیں چلا رہے تھے۔ تاہم، چودھری نثار نے باضابطہ طور پر وزیر اعظم شاہد خاقان کو بتا دیا ہے کہ وہ ان کی کابینہ میں کوئی وزارت نہیں لیں گے لیکن اگر شہباز شریف وزیر اعظم بنے تو وہ ان کی کابینہ میں شامل ہونے پر تیار ہیں۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.