گوجرانوالہ: مضر صحت کھانا کھانے سے باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق

گوجرانوالہ میں مضر صحت کھانا کھانے سے باپ اور بیٹوں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے مرنے والے شخص کے سوتیلے بھائی کو حراست میں لیکر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ افسوسناک واقعہ وزیر آباد کے قریب موضع کلاسکے میں پیش آیا، اہل خانہ نے کل رات چکن کا گوشت کھایا تھا جس کے بعد ان کی حالت خراب ہوگئی۔ انہیں پہلے تحصیل ہسپتال وزیر آباد داخل کروایا گیا۔ بعد ازاں سول ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا جہاں آج سلیم اور اسکے دو بیٹے امیر حمزہ اور عامر دم توڑ گئے۔ بیٹی حمیرا اور معمر دادا سردار کوسول ہسپتال گوجرانوالہ میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ احمد نگر چٹھہ پولیس نے واقعہ کے بعد سلیم کے سوتیلے بھائی اکرم کو شبہ میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق مرنے والے سلیم کا اپنے سوتیلے بھائی اکرم کے ساتھ جائیداد کی تقسیم کا تنازعہ تھا، ورثا نے اکرم پر کھانے میں زہر ملانے کا الزام لگایا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پوسٹمارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
This entry was posted in قومی, اہم خبریں. Bookmark the permalink.