این آر او ہو گا نہ ہی چارٹر آف ڈیموکریسی پر مک مکا کریں گے، وزیر اعظم

ملائشین دارالحکومت کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت گرانے کی بہت جلدی ہے، قومی وسائل لوٹنے والے پکڑ کے خوف سے اکٹھے ہو گئے، حزب اختلاف جو مرضی کرے، این آر او ہو گا نہ چارٹر آف ڈیمو کریسی، کسی کو نہیں چھوڑیں گے۔

وزیراعظم کا کوالالمپور میں پاکستانیوں سے خطاب میں اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ پہلی حکومت ہے این آر او نہ کوئی مک مکا ہو گا، ایک ایک کو پکڑ کر جیل میں ڈالنا ہے، ابھی کسی کا نام نہیں لیا چور کہتا ہوں تو ڈر جاتے ہیں، ایسا قانون بنا رہے ہیں جس سے منی لانڈرنگ نہیں ہو گی، اپوزیشن کی خواہش ہے حکومت جلد ختم ہو جائے، ان کو پتا ہے کہ اب انہوں نے جیل میں جانا ہے، ابھی تو ہم نے کیس کرنے ہیں لیکن وہ پہلے ہی خوفزدہ ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو خاص پاکستانی سمجھتا ہوں، مہاتیر محمد نے منی لانڈرنگ کر کے پیسہ باہر نہیں بھیجا، جس نے منی لانڈرنگ کی وہ آج جیل میں بیٹھا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے شمار وسائل سے نوازا ہے، پہلے ملائیشیا سے لوگ تعلیم حاصل کرنے پاکستان آتے تھے، پاکستان کے بارے کہا جاتا تھا کہ کیلیفورنیا بننے جا رہا ہے، پاکستان میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے، ملائیشیا کی ایکسپورٹ 220ارب ڈالراور پاکستان کی 24 ارب ڈالر ہے۔