Breaking News

بینظیر قتل کیس میں پولیس افسران کی اپیلیں سماعت کیلیے منظور، سزائیں معطل

جسٹس طارق عباسی اورجسٹس حبیب اللہ عامر پرمشتمل لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے پیر کو سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزایافتہ پولیس افسران سابق سی پی اوسعود عزیزاورسابق ایس پی خرم شہزادکی اپیلوں پرسماعت کی۔ سابق پولیس افسران کاموقف تھاکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کی طرف سے پیش کیے گئے شواہد کو نظرانداز کیا، عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا غیرقانونی ہے۔

عدالت عالیہ نے سعود عزیز اور خرم شہزاد کی نظر ثانی کی اپیل سماعت کیلیے منظورکرتے ہوئے دونوں پولیس افسران کی سزاؤں کومعطل کردیا۔ عدالت نے انسداددہشت گردی کی خصوصی عدالت اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ریکارڈ طلب کرلیا جبکہ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ہے۔

پولیس افسران کے وکیل راجا غنیم ابیرایڈووکیٹ کاموقف تھا کہ سزائیں غیرقانونی ہیں انھیں کالعدم قراردیا جائے، بعدازاں انھوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ دونوں پولیس افسران کی ایک ماہ بعد ضمانت پررہائی کی درخواستیں بھی دائرکی جائیں گی۔ دونوں ملزمان پولیس افسران مقدمے کے آغاز پر 3 ماہ 20 دن گرفتار رہے، مزید ایک سے ڈیڑھ ماہ کی قیدکے بعد6 ماہ قیدکے مکمل ہوتے ہی ضمانتیں دائرکی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پولیس افسران کی اپیلوں کی سماعت کے موقع پرہائیکورٹ میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ادھر بینظیر قتل کیس میں پیپلز پارٹی سربراہ آصف زرداری کی طرف سے3 اپیلیں اسی ہفتے ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں دائرکی جارہی ہیں،یہ اپیلیں پارٹی رہنما سردار لطیف کھوسہ تیارکررہے ہیں جب کہ وکلاء ٹیم نے بتایا کہ تینوں اپیلیں آئندہ دو روز میں دائرکر دی جائیں گی۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved