Breaking News

ششی کپور کی کچھ یادگار فلمیں

ششی کپور بروز پیر اپنے لاکھوں مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا سے کُوچ کر گئے۔ ان کی وفات پر بالی ووڈ سوگ منا رہا ہے۔ ششی کپور بھارتی لیجینڈری اداکار پرتھوی راج کپور کے سب سے چھوٹے بیٹے تھے۔

ششی کپور کا شمار بالی ووڈ کے بہترین اداکاروں میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی میں متعدد فلموں میں کام کیا۔ آئیے ان کی وفات پر ان کی چند بہترین فلموں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

جب جب پھول کھلے

سورج پرکاش کی ہدایت کردہ ڈرامہ فلم “جب جب جب پھول کھلے” 1965ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس میں ششی کپور کے ساتھ نندا نے کام کیا تھا۔ اس فلم کی کہانی ایک غریب لڑکے کی ہے جو کشمیر میں ایک کشتی بان ہے اور اسے ایک کشمیر کی سیر کو آنے والی ایک امیر سیاح سے محبت ہو جاتی ہے۔ یہ فلم بلاک بسٹر بن گئی تھی اور اُس سال کی دوسری سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم کہلائی تھی۔ اس فلم کے گانے آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔ نا نا کرتے پیار تمہی سے، پردیسیوں سے نہ انکھیاں ملانا اور یہ سماں سماں ہے پیار کا اب تک سنے جاتے ہیں۔

نیند ہماری خواب تمہارے

شِو ساہنی کی ہدایت کردہ رومانوی فلم “نیند ہماری خواب تمہارے” 1966ء میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس فلم میں ششی کپور کے ساتھ نندا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ ششی کپور نے اس فلم میں انور اے فاروقی کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کے بیشتر گانے محمد رفیع اور آشا بھوسلے نے گائے تھے جو کہ کافی مقبول ہوئے۔

کنیا دان

کنیا دان ایک رومانوی ڈرامہ فلم تھی۔ اس کے ہدایت کار موہن سہگل تھے اور یہ فلم 1968ء میں نمائیش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس فلم میں ششی کپور کے مقابل آشا پاریکھ نے ہیروئین کا کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم کی کہانی کم عمری کی شادی کے گرد گھومتی ہے۔ ریکھا اور عامر کی بچپن میں شادی کروا دی جاتی ہے۔ جب وہ بڑے ہوتے ہیں تو انہیں کسی اور سے محبت ہو جاتی ہے اور اس بچپن کی شادی کو قبول کرنے سے انکار کر دیتے ہیں۔ اس فلم کا گانا لکھے جو خط تجھے بہت مقبول ہوا تھا۔

پیار کا موسم

پیار کا موسم 1969ء میں سنیما میں پیش کی گئی تھی۔ اس رومانی فلم میں ششی کپور کے ہمراہ آشا پاریکھ سلور سکرین پر جلوہ گر ہوئیں تھیں۔ اس فلم کی کہانی فلم کے ہدایت کار ناصر حسین کے پسندیدہ ترین پلاٹ پر تھی جو کہ ایک خاندان کے ملنے اور بچھڑنے کا ہے۔ اس فلم کے شروع میں ایک خاندان کے افراد بچھڑ جاتے ہیں اور کافی سنسنی خیز سینز کے بعد فلم کے آخر میں ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔ یہ فلم سلور جوبلی ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ اس فلم کا گانا تم بن جائوں کہاں محمد رفیع نے گایا تھا اور یہ گانا ہندوستان کے سنیما تاریخ میں یادگار گانوں میں سے ایک کے طور پر شمار کیا جاتا ہے۔

شرمیلی

سبودھ مکھرجی کی یہ فلم 1971ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کے ہدایت کار سمیر گانگولی تھے ۔ ششی کپور کے مقابل اس فلم میں راکھی گلزار نے کام کیا تھا۔ راکھی نے اس فلم میں ڈبل رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان کی اداکاری بہت زیادہ پسند کی گئی تھی اور اگر یہ کہا جائے کہ راکھی کو اصل شہرت اس فلم کے بعد سے ملی تو یہ بات غلط نہیں ہوگی۔ اس فلم کی کہانی ایک ایسے کیپٹین اجیت کپور کے گرد گھومتی ہے جسے پہلی نظر میں ایک لڑکی کامینی سے محبت ہو جاتی ہے۔ اس کے والدین اس کی شادی کامینی کی بہن کنچن سے طے کر دیتے ہیں۔ کامینی اور کنچن جڑواں ہونے کی وجہ سے ایک شکل کی ہوتی ہیں۔ اجیت کو بعد میں پتہ لگتا ہے کہ ان کی شادی جس سے ہونے والی ہے وہ ان کی محبوبہ کی بہن ہے۔

چور مچائے شور

اشوک رائےکی ہدایت کردہ چور مچائے شور 1974ء میں نمائیش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ اس میں ششی کپور کے علاوہ ممتاز اور ڈینی دینزونگپا نے کام کیا تھا۔ یہ فلم سوپر ہٹ ہوئی تھی اور یہ اس سال کی دوسری سب سے زیادہ پیسہ کمانے والی فلم بن گئی تھی۔ اس فلم کی کہانی ایک نوجوان جوڑے کی محبت کے بارے میں ہے۔ اس فلم کا گانا لے جائینگے لے جائینگے دل والے دلہنیا لے جائینگے بہت مشہور ہوا تھا۔

دیوار

ہندوستان کے مایہ ناز ہدایت کار یش چوپڑا نے 1975ء میں یہ فلم ریلیز کی تھی۔ دیوار نے ملک بھر کے لوگوں کے دل موہ لیے تھے۔ اس فلم میں ششی کپور اور امیتابھ بچن شامل تھے۔ اس فلم کی کہانی دو بھائیوں کے بارے میں جو معاشرے میں زندہ رہنے کے لیے بالکل الگ راہوں کا انتخاب کرتے ہیں۔ ایک بھائی پولیس میں چلا جاتا ہے تو دوسرا چور بن جاتا ہے۔ اس فلم کا مشہور ڈائیلاگ میرے پاس ماں ہے اب تک استعمال کیا جاتا ہے۔ ششی کپور کو اس میں بہترین معاون اداکار کا فلم فئیر ایوارڈ ملا تھا۔

پھانسی

پھانسی ایک ڈرامہ فلم تھی اور یہ 1978ء میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس فلم کے ہدایت کار ہرمیش ملہوترا تھے اور اس میں ششی کپور کے ہمراہ سلکشانا پنڈت، پران اور رنجیت نے کام کیا تھا۔ اس فلم میں ولن ہیرو کے بہترین دوست اور باپ کو پھانسی دے دیتا ہے۔ یہ فلم اپنے گانوں، کہانی اور ایکشن کی وجہ سے ہٹ قرار پائی تھی۔ یہ فلم 1970ء کی دہائی کی یادگار فلموں میں سے ایک ہے۔

تریشول

تریشول 1978ء میں ریلیز کی گئی تھی۔ اس کے ہدایت کار یش چوپڑا تھے۔ اس فلم میں ششی کپور کے ساتھ امیتابھ بچن اور شاشی کپور نے کام کیا تھا۔ اس فلم کی کہانی ان تینوں کے کرداروں کی الگ الگ کہانیوں کے بارے میں ہے۔ یہ فلم سوپر ہٹ ہوئی تھی اور اسے اس سال کی بہترین فلموں میں سے ایک گنا جاتا ہے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved