Breaking News

منگھو پیر کا شیدی میلہ: روایات اور عقیدت کے حسین رنگ

 

 

تفصیلات مطابق صدیوں قدیم مگرمچھوں کے تالاب کے لیے معروف منگھو پیر بابا کے مزار پر شیدی میلہ شروع ہوگیا ہے۔یہ مزار شیدی کمیونٹی کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ شیدی کراچی کے قدیم باشندے ہیں، ان کا تعلق بلوچی قبائل کی ایک شاخ سے ہے، جو صدیوں سے اس مزار کے عقیدت مند ہیں ۔ان کے طرز زندگی پر افریقی رنگ غالب ہے۔ شیدیوں کے اجداد نے برسوں قبل افریقہ سے ہجرت کی تھی۔

میلے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ عقیدت مند جلوس کی صورت میں ڈھول بجاتے مزار پر آئے، انھوں نے مزار پر چادر چڑھائی، جانور ذبح کئے اور گوشت مگرمچھوں کو کھلایا۔

واضح رہے کہ اس میلے کا منگھوپیر بابا کے عرس کی تاریخ سے تعلق نہیں، جوذوالحج میں منعقد ہوتا ہے۔ شیدی میلے کی تاریخ کا تعین اس قبیلے کی بزرگوں کی جانب سے کیا جاتا ہے۔

منگھو پیر کا تالاب اور مگرمچھ

عرس اور شیدی میلے کے موقع پر تالاب میں موجود مگرمچھ ملکی و غیرملکی میڈیا کی خصوصی توجہ کامرکز ہوتے ہیں۔ ان سے کئی دلچسپ روایات جڑی ہیں۔مورخین کے مطابق یہ مگرمچھ یہاں کئی صدیوں سے موجود ہیں۔ 19ویں صدی کی تحریروں میں مزار کا ذکر ملتا ہے۔چند ماہرین آثاریات کا دعویٰ ہے کہ یہاں سے مگرمچھوں کی ہزاروں سال پرانی باقیات ملی ہیں ۔

عقیدت مندوں کے مطابق ان مگرمچھوں نے ان پھولوں سے جنم لیا، جومنگھو پیر بابانے تالاب میں پھینکے تھے، کچھ حلقوں کا خیال ہے کہ یہ دراصل جوئیں تھیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ منگھو پیر بابا ان کے سواری کرتے تھے۔

میلے کے شرکا ان مگرمچھوں کو گوشت کھلاتے ہیں، ان پر پھولوں اور سیندو ڈالتے ہیں۔ انھیں یقین ہے کہ ان مگرمچھوں کو نذرانے چڑھانے سے ان کی مرادیں پوری ہوں گی۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ تالاب کے پانی سے نہانے سے کئی موذی امراض سے نجات مل جاتی ہے۔

گو یہاں کبھی مگرمچھ کے حملے کا واقعہ پیش نہیں ہوا،البتہ مجاور عقیدت مندوں کو خبردار رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مگرمچھ انسانوں سے مانوس ہو چکے تھے اور خوراک کے لیے بزرگ کے پیروکاروں پر انحصار کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved