Breaking News

پاکستان اور سعودی عرب ویزا اجرا میں آسانیوں پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب پاکستان میں ریفائنریز کے قیام، مرکزی بینکوں کے درمیان تعاون، بزنس ویزا کے اجرا پر نظر ثانی، نئی مصنوعات کی نمائشوں کے انعقاد اور دہشت گردی کے انسداد، منظم جرائم اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے شعبہ میں سکیورٹی انفارمیشن اور مہارت کا تبادلہ کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔ پاک سعودی مشترکہ وزارتی کمیشن کا 11 واں دو روزہ اجلاس بدھ کو اختتام پذیر ہو گیا۔

پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت، کاروبار، توانائی، قونصلر امور، تعلیم اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں نئی مصنوعات کی نمائشوں کا انعقاد اور بزنس ویزوں کے طریقہ کار کو آسان بنائیں گے۔ پاکستان کی پہلی سنگل کنٹری نمائش رواں سال سعودی عرب میں ہو گی، اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے میں جلد ایک کمرشل اتاشی تعینات کیا جائے گا، پاکستان اور سعودی عرب دہشت گردی کے انسداد، منظم جرائم اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے شعبہ میں سکیورٹی انفارمیشن اور مہارت کا تبادلہ کریں گے۔ پاک سعودیہ مشترکہ بزنس کونسل کو رواں سال فعال بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک اور سعودی عرب کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القاصبی نے مشترکہ طور پر اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان سیشن کی دستاویز پر دستخط کئے گئے۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیر تجارت پرویز ملک اور سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القاصبی نے خطاب کیا اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

بعدازاں وفاقی وزیرتجارت پرویز ملک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی وزیرتجارت ڈاکٹر ماجد نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان نہ صرف برادر ملک ہیں بلکہ سٹرٹیجک شراکت دار بھی ہیں، دونوں ملکوں میں باہمی تجارتی تعلقات مزیدمضبوط بنانے کا عزم موجود ہے ، دونوں ممالک کو مواصلات کے شعبے میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر کام کررہے ہیں ،پاک سعودی تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھایا جائے گا ، اس موقع پر وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ ہر مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر سعود ی عرب کے شکر گزار ہیں، انہوں نے کہا سعودی عرب میں پاکستانی مزدوروں کے معاوضوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ، سعودی یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلبا کا کوٹہ بحال کیا جائے ۔اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق سعودی عرب کاپاکستان سے متعلق انفرادی قوت کے ادارے کاقیام ، ایس این جی پی ایل کی پائپ لائن میں سعودی سرمایہ کاری اور پاکستان سے گوشت سعودی عرب بھجوانے سے متعلق فیصلے بھی کئے گئے ۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے وزیرتجارت نے وفدکے ہمراہ صدرمملکت ممنون حسین سے ایوان صدرمیں ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین نے کہا کہ سعودی عرب ہمارا سچا دوست اور برادر اسلامی ملک ہے اور ہر پاکستانی سعودی عرب کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہے ۔علاوہ ازیں سعودی وفدنے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے بھی ملاقات کی۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved