Breaking News

پاکستان میں راج ناتھ سنگھ کی تقریر کا بلیک آؤٹ نہیں ہوا، ہندوستان

iim

نئی دہلی: ہندوستانی حکومت نے ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے مقامی میڈیا کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا کہ پاکستان میں ہونے والی جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون (سارک) کانفرنس کے وزرائے داخلہ اجلاس کے دوران ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی تقریر کا بلیک آؤٹ کیا گیا۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کی ایک رپورٹ میں سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ ‘مقامی میڈیا کی یہ رپورٹس کہ سارک کانفرنس کے دوران راج ناتھ سنگھ کی تقریر کا بلیک آؤٹ کیا گیا، گمراہ کن ہیں’۔

مزید کہا گیا کہ سارک اجلاسوں کا یہ اصول ہے کہ میزبان ملک کی استقبالیہ تقریر میڈیا کے سامنے پیش کی جاتی ہے جبکہ بقیہ کاروائی اِن کیمرہ ہوتی ہے، جہاں مسائل پر آزادی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جاسکتا ہے۔

ہندوستان کی جانب سے یہ ردعمل ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ہندوستانی میڈیا پر اس حوالے سے رپورٹس سامنے آئیں کہ راج ناتھ سنگھ کی تقریر کو میڈیا پر نشر نہیں کیا گیا کیونکہ میڈیا تنظیموں کو ساتویں سارک وزرائے داخلہ کے اجلاس کو کور کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق اس اجلاس میں صرف سرکاری چینل پاکستان ٹیلی ویژن کو ہی اجلاس کی کوریج کی اجازت دی گئی تھی۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اس حوالے سے اسلام آباد میں وزارت داخلہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیر داخلہ کی تقریر کا کوئی بھی حصہ میڈیا پر نہیں دکھایا گیا اور نہ ہی میٹنگ میں حصہ لینے والے کسی اور وزیر کی تقریر کو پیش کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سچ ہے کہ راج ناتھ سنگھ کی تقریر کو لائیو نہیں دکھایا گیا کیوں کہ اجلاس میں شریک کسی اور وزیر کی تقریر کو بھی سرکاری میڈیا نے لائیو نشر نہیں کیا’۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس میٹنگ کا صرف ابتدائی حصہ لائیو دکھایا گیا جب پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے استقبالیہ تقاریر کیں۔

ذرائع کے مطابق سرکاری میڈیا نے راج ناتھ سنگھ کے ساتھ کسی قسم کا امتیازی سلوک نہیں کیا اور انہیں مکمل سرکاری پروٹوکول بھی دیا گیا۔

ہندوستانی میڈیا کے مطابق راج ناتھ سنگھ نے اپنے پاکستانی ہم منصب نثار علی خان کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں بھی شرکت نہیں کی کیوں کہ میزبان خود بھی اس موقع پر شرکت کرنے سے قاصر تھے۔

واضح رہے کہ چوہدری نثار نے کانفرنس کے شرکاء کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا تھا جسے میٹنگ کے بعد شیڈول کیا گیا تھا۔

تاہم ایجنسی کے مطابق چوہدری نثار میزبان ہونے کے باوجود فوری طور پر اجلاس کے بعد روانہ ہوگئے، جس کے بعد راج ناتھ سنگھ نے ظہرانے میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کے مطابق بعدازاں ایک پریس کانفرنس کے دوران چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ انھیں اپنے ہندوستانی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا کہ کیا وہ ظہرانے میں شریک ہوں گے، جس پر انھوں نے یہ کہہ کر معذرت کرلی کہ انھیں وزیراعظم ہاؤس میں ایک اہم اجلاس میں شرکت کرنی ہے۔

جس کے بعد ہندوستانی وزیر داخلہ نے بھی کانفرنس کے آخری سیشن میں شرکت نہیں کی اور اپنے ہندوستانی وفد کے اراکین کے ہمراہ ہوٹل میں کھانا کھایا اور کھانے کے بعد وہ ہندوستان کے لیے روانہ ہوگئے۔

 

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved