Breaking News

کامیاب افراد کی خصوصیات

کئی لوگ اپنی مجبوریوں اور معذوریوں کے ہاتھوں شکار ہو جاتے ہیں جبکہ کئی لوگ اپنی مجبوریوں اور معذوریوں کو اپنی خدا داد ہمت، قوت اور حوصلے سے شکار کر لیتے ہیں اور ان پر قابو پا کر ترقی کر جاتے ہیں۔ خود اعتمادی سے کامیاب ہونے والوں کی چار نہایت اثر آفریں خصوصیات ہوتی ہیں:

قوت متخیلہ خود اعتماد شخص اپنے رستہ میں حائل مشکلات اور اپنے موجودہ حالات کی پروا نہیں کرتا۔ وہ عزم، حوصلے اور یقین کے ساتھ اپنی قوت متخیلہ سے کام لے کر اپنے ذہن میں ایک واضح تصور قائم کرتا ہے اور تصور ہی میں اپنے آپ کو اس مطلوبہ مقام پر فائز سمجھتا ہے۔ تصور میں اپنے مقصد میں کامیابی اور منزل کو دیکھنا بہت ضروری ہے۔ اپنے خوابوں اور خواہشوں کو حقیقت کا رنگ دینے کے لیے ’’ تصور کی تصویر کشی کا عمل‘‘ بہت ضروری ہے۔

مصمم ارادہ قرطاس ذہن پر تصور سجا لینے کے بعد اپنے آپ سے یہ عہد کرنا، مصمم ارادہ کرنا اور اپنی ذات پر احساس ذمہ داری کو وارد کرنا بہت ضروری ہے کہ میں نے جو تصور باندھا ہے اسے ضرور حقیقت کا جامہ پہناؤں گا۔ خود اعتماد شخص اس منزل کے حصول کے لیے مقاصد کا تعین کرتا اور ان پر کاربند ہونے کا پختہ عزم کرتا ہے۔ اپنی ذات سے کیا ہوا یہ عہد و پیمان غیر مشروط ہوتا ہے۔ فیصلہ کرنے اور پختہ ارادہ کرنے کی یہ قوت خود اعتماد شخص کو باہمت اور حوصلہ مند بنا دیتی ہے۔

قلب و ذہن کی آمادگی: اپنی منزل متصور کرنے اور اس تصور کو حقیقت بنانے کے پختہ عزم کے ساتھ آپ کے قلب و ذہن کی مکمل آمادگی، تصدیق اور توثیق بھی بہت ضروری ہے۔ آپ کی مثبت سوچ اور ممکناتی انداز فکر واقعی آپ کی خواہشات کو حقیقت کا رنگ دے سکتا ہے۔ جب آپ زبان سے یہ اقرار کریں گے اور دل سے یہ عہد کریں گے کہ آپ ہر قسم کے مسائل اور مشکلات پر قابو پا لیں گے اور اپنے مشن اور مقصد کو ممکن کر دکھائیں گے تو آپ کے اندر مطلوبہ صلاحیتیں اور قابلیتیں بوقت ضرورت اجاگر ہوتی چلی جائیں گی۔ آپ کا عمل اور قلب و ذہن پوری ہم آہنگی کے ساتھ مستعد اور متوازی ہو کر چلیں گے تو آپ کے اندر تازہ ولولہ پیدا ہو گا اور آپ کی خود اعتمادی کو مزید تقویت حاصل ہو گی۔

پسپا نہ ہونے کا عزم خود اعتماد شخص صرف جیت اور کامیابی پر یقین رکھتا ہے۔ آپ یہ اپنے آپ سے عہد کر لیں کہ اپنے مشن اور مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، پسپا نہیں ہوں گے، شکست قبول نہیں کریں گے اور اپنے مشن اور مقصد کے حصول کی کوشش تو ترک نہیں کریں گے۔ صبر و تحمل، مستقبل مزاجی، استقامت اور استقلال جیسی خوبیاں اور خصوصیات اپنی ذات میں زبردست قوتیں ہیں۔ آپ ان خوبیوں کی بدولت ضرور کامیاب ہوں گے۔ شکست اور ناکامی کے خیالات کو اپنے قلب و ذہن میں جگہ دینا غلط عمل ہے۔ مایوسی گناہ ہے۔ آپ اپنی ذات کو منفی خیالات و احساسات سے محفوظ رکھیں اور ہمیشہ آپ کا قدم آگے ہی آگے بڑھتا رہنا چاہیے۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved