تحریک انصاف حکومت سے مذاکرات کے لئے رضامند ، 6 نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا

 

اسلام آباد: تحریک انصاف نے بالآخر حکومت سے مذاکرات کےلئے رضا مندی ظاہر کرتے ہوئے چھ نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ڈپٹی چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں اور سیاسی لوگ مذاکرات کرتے ہیں، بامعنی مذاکرات کے لئے ہم کل بھی تیار تھے اور آج بھی تیار ہیں لیکن حکومت اور اس کے کچھ نمائندے اس صورتحال کے ذمہ دار ہیں۔شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی کسی ادارے پر دھاوا بولنے کی پالیسی نہیں، اداروں کا احترام ہر پاکستانی کا فرض ہے، وہ تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل کرتے ہیں وہ جہاں کہیں بھی ہیں وہیں رہیں اور کسی صورت وزیراعظم ہاﺅس میں داخل نہ ہوں۔ اس کے علاوہ وہ ڈاکٹر طاہرالقادری سے بھی رابطہ کرکے درخواست کریں گے کہ وہ اپنے کارکنوں کو صبرکی تلقین کریں۔ تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق پارٹی کے کور کمیٹی نے 6 مطالبات مرتب کئے ہیں، حکومت سے جب بھی مذاکرات ہوئے ان ہی 6 مطالبات پربات کریں گے، ان مطالبات میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری شہباز شریف کا استعفیٰ،انتخابی اصلاحات،الیکشن کمیشن کی تشکیل نو،کچھ حلقوں میں دوبارہ ووٹنگ،،دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور دوبارہ انتخابات شامل ہیں ۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.