غزہ :حماس نے اسرائیل کے لئے مخبری کرنے کے الزام میں 18 فلسطینیوں کو سزائے موت دے دی ہے۔غیر ملکی خبر رساں رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کا ساتھ دینے کے الزام میں حماس نے 18 فلسطینیوں کو سزائے موت دے دی۔ گزشتہ روز غزہ کی سب سے بڑی مسجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد 6 افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کیا گیا جبکہ 11 افراد کو غزہ میں پولیس ہیڈکوارٹرز کے قریب ہلاک کیا گیا، ایک اور شخص کو ایک علیحدہ واقعے میں ہلاک کیا گیا۔ان افراد کو حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے قتل کیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل فلسطین میںا ہم ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کیلئے فلسطین میں چھوڑے گئے جاسوسوں کی رپورٹس پر انحصار کرتا ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان 9 روز تک جاری رہنے والی عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد صیہونی افواج کی جانب سے 19 اگست سے غزہ پٹی پر ایک بار پھر شروع ہونےوالی سفاکانہ کارروائیوں میں کے باعث مزید 76 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کی غزہ پر 8 جولائی سے جاری جارحیت میں اب تک تقریبا 2100 فلسطینی شہید جبکہ 10 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق ان میں سے 70 فیصد عام شہری ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بھی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 67 ہے جن میں سے 64 صیہونی فوجی شامل ہیں۔
Leave a Reply