مذاکرات کا دوسرا دور ختم، مطالبات و تحفظات کا تبادلہ، تیسری ملاقات کل ہو گی

 

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو گیا ہے اور کل دوبارہ ملاقات پر اتفاق ہوا ہے۔ تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے ہمارے مطالبات پر اپنا نقطہ نظر پیش کیا ہے جبکہ ہم نے بھی اپنے مطالبات دوبارہ پیش کر دیئے ہیں۔ مذاکرات کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پہلی نشست میں تحریک انصاف کے وفد نے سرکاری وفد کی خدمت میں اپنے 6 مطالبات پیش کئے جس پر پاکستان مسلم لیگ ن کے وفد نے غور و حوض کے بعد ان مطالبات پراپنا نقطہ نظر پیش کیا جسے بڑے غور سے سنا ہے اور اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی نشست میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جو معاملات حکومت نے اٹھائے ہیں ان پر ہم غور کریں گے جبکہ ہمارے مطالبات پر حکومت غور کرنے کے بعد کل تیسری ملاقات کرے گی۔ گورنر پنجاب اور حکومتی کمیٹی کے رکن چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے نقطہ نظر اور مطالبات سے متعلق وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین سے مشاورت کرنے کے بعد تحریک انصاف کو اپنے موقف سے آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومتی وفد تحریک انصاف کی کمیٹی کو استعفیٰ نہ دینے کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کے موقف سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.