بھارتی فوج کی سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر ایک بار پھر شدید گولہ باری، 2 افراد شدید زخمی

 

سیالکوٹ: بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار  پھر ورکنگ باؤنڈری کی خلاف وزری کرتے ہوئے شدید گولہ باری کی گئی جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج نے سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر چارواہ سیکٹر میں گاؤں جاجراں گڑھی میں شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں 2 پاکستانی شہری شدید زخمی ہو گئے۔ بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی شناخت 65 سالہ لطیف اور 40 سالہ زاہد کے ناموں سے ہوئی ہے، دونوں زخمیوں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب چناب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی نے بھارتی توپوں کو خاموش کرا دیا۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بھی بھارتی فوج کی جانب سے سیالکوٹ میں چارواہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ اور شدید گولہ بار ی کی گئی جس کے تنیجے میں خاتون سمیت 2 افراد شہید جب کہ 8 زخمی ہو گئے تھے۔ گزشتہ 2 ماہ میں بھارتی فوج کی جانب سے 24 بار ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.