وزیراعظم ڈانس پارٹیوں سے نہیں تحریک عدم اعتماد سے تبدیل ہونگے، ارکان قومی اسمبلی

 

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں حکومتی واپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پاکستان تحریک انصاف اورپاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی دھرنوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دھرنے والوں نے ملکی معیشت کو تباہ اور شہر اقتدار کو یرغمال بنا لیا ہے۔ممبران قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ڈانس پارٹیوں سے وزیراعظم تبدیل نہیں ہوا کرتے، وزیراعظم صرف تحریک عدم اعتمادسے ہی تبدیل کیے جاسکتے ہیں، بے بنیاد اور جھوٹے الزامات لگا کرعدلیہ اور الیکشن کمیشن کے خلاف سازش کرنے والے افضل خان کے خلاف انکوائری کر کے جیل بھجوایا جائے، کوئی مائی کالال جمہوریت ختم نہیں کرسکتا، اگرصوفی محمد کیخلاف بغاوت کامقدمہ کیا جا سکتاہے توعمران خان کیخلاف بھی کیوں کارروائی نہیں ہوسکتی۔ منگل کوبھی ایوان میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پربحث جاری رہی۔بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ(ن)کے رجب علی بلوچ کاکہناتھاکہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ11مئی کے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے35امیدواردوسرے نمبرپربھی نہیں آئے تھے ۔قوم کی دعائیں،حمایت حکومت کے ساتھ ہیں کبھی اسٹیج ڈراموں اورمیوزیکل شوزسے حکومت اورجمہوریت ختم نہیں ہوگی۔انھوں نے تجویز پیش کی کہ انتخابات میں دھاندلی کاکمیشن عمران خان اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کا کمیشن طاہرالقادری کی سربراہی میں بنادیں تب بھی یہ راضی نہیں ہوں گے کیونکہ یہ جھوٹے ہیں۔جمعیت علمائے اسلام(ف)کے مولاناگوہر شاہ نے کہاکہ عمران خان سول نافرمانی کی تحریک کااعلان کر کے بغاوت کر رہے ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔پیپلز پارٹی کے میرشبیربجارانی نے کہاکہ سپریم کورٹ کی دیواروں پرکپڑے لٹکاکرعدالت کامذاق اڑایا جارہا ہے، تحریک انصاف اورعوامی تحریک نے دھرنے دے کراسلام آباد بھرکویرغمال بنایاہوا ہے۔اگرجمہوریت پرکسی نے شب خون ماراتو پیپلزپارٹی سب سے آگے ہوگی۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورشیخ آفتاب احمد نے کہاکہ یہ سازش حکومت کیخلاف نہیں بلکہ جمہوریت اورنظام کے خلاف ہورہی ہے،مجھے بطورپاکستانی شہری افضل خان کاانٹرویودیکھ کردکھ ہوا،طاہرالقادری اپنے ملازموں کی حالت پررحم کریں۔مسلم لیگ(ن)کی ماروی میمن نے کہاکہ تحریک انصاف کے دھرنے میں بعض آئی ڈی پیزکوبنوں سے یہاں لانے کے الزامات سامنے آ رہے ہیں اس پروفاقی حکومت کوتحقیقات کرنی چاہئیں۔ امیدہے کہ احتجاجی دھرنوں اورلانگ مارچ والوں کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کر لیا جائے گا،عمران خان عدلیہ کومتنازع بنانے کی کوشش نہ کریں۔پیپلزپارٹی کے سید غلام مصطفیٰ شاہ نے کہاکہ حکومت کی نرمی اورغفلت سے آج یہ معاملہ اس نہج پر پہنچ چکاہے۔ایازسومرو نے کہا کہ حکومت وزرااورممبران اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائیں،دھرنوں سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت ہے۔صبیحہ نذیر،طاہرہ اورنگزیب ،چوہدری محمد اشرف ،مجید نذیر،ڈاکٹر رمیش کمار،شاہ جہان منگریونے بھی بحث میں حصہ لیا۔بعدازاں اسپیکرنے اجلاس (آج)بدھ کی صبح 11بجے تک ملتوی کردیا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.