وزیراعظم کا استعفیٰ، حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار

 

وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار، دونوں کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی بے نتجیہ ختم ہو گیا۔ آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس جاری، اہم اعلانات متوقع
اسلام آباد:حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پانچواں دور بھی ناکام ہو گیا ہے۔ وزیراعظم کے استعفے کے معاملے پر دونوں فریقین پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق حکومتی کمیٹی کا موقف ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کا استعفیٰ بحران کا حل نہیں ہے۔ وزیراعظم کے استعفے سے سیاسی اور معاشی بحران بڑھے گا۔ تحقیقات سے پہلے استعفے کا مطالبہ بلا جواز ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے سے متعلق اپنے موقف پر ابھی تک برقرار ہے۔ پی ٹی آئی کمیٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی موجودگی میں تحقیقات شفاف نہیں ہونگی۔ وزیراعظم کا استعفیٰ نہ دینا جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات پر اثرانداز ہوگا۔ فریقین کی جانب سے اپنے اپنے موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کے باعث مذاکرات بے نتیجہ ہی ختم ہو گئے جس کے بعد حکومتی کمیٹی کے ارکان میڈیا سے گفتگو کئے بغیر ہی روانہ ہو گئے۔ تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ حکومت کیساتھ ڈیڈ لاک برقرار ہے میرے پاس کوئی نئی بات کرنے کو نہیں ہے جبکہ اسد عمر کا کہنا تھا کہ مذاکرات دوبارہ بحال ہو سکتے ہیں لیکن اس کا انحصار حکومتی رویے پر ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.