حکومتی دعوے مسترد،رابطوں کا ٹی وی سے پتہ چلا، فوج کیساتھ طے معاہدہ پر قائم ہیں :ڈاکٹرطاہرالقادری

 

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے حکومتی دعوے مستردکرتے ہوئے کہاکہ وہ مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ طے پانے والے معاملات پر قائم ہیں اور مقررہ وقت پرہی تین شرائط پر دوبارہ بات کریں گے ،حکمرانوں نے اپنی گردنوں سے سریئے نکلتے دیکھ کر فوج سے رجوع کیا جس کا اُنہیں ٹیلی ویژن کے ذریعے پتہ چلاتھااور بعد میں پیغام مل گیا۔قومی اسمبلی میں وزیراعظم اور وفاقی وزراءکی تقاریر کے بعددھرنے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری کاکہناتھاکہ ایسے دعوے کرنا پاک فوج کو بدنام کرنے اور ضرب عضب کو ناکام کرنے کی ایک ساز ش ہے ، وہ وزیراعظم کے بارے سب کو بتاناچاہتے ہیں کہ اسمبلی کے ایوان میں ارکان اور پوری قوم سے جھوٹ بولاگیا، حکومت کو اپنے جھوٹ پر معافی مانگنی اور مواخذہ ہوناچاہیے ، اِسی لیے وہ کہتے ہیں کہ جھوٹا شخص پاکستان کا وزیراعظم نہیں ہوسکتا، قریبی وزراءکو بھی درخواست کاعلم ہے اور اُن پر حیرت ہے کہ وہ ایسے شخص کو اپنا لیڈر مانتے ہیں جو اُن کے سامنے جھوٹ بول گیا، وہ 100باردھرنے کے شرکاءکی طرف سے فوج کو بلانے کی درخواست کے دعوے مستردکرتے ہیں ،اُنہیں تو دھرنے میں آرمی چیف کا ٹی وی کے ذریعے پتہ چلا۔اُنہوں نے کہاکہ آج تک آرمی چیف سے ٹیلی فون پر بات ہی نہیں ہوئی اوراُن کی ملاقات کا پیغام ادارے کے ایک ترجمان کی طرف سے پہنچا ، تین گھنٹے بیس منٹ ملاقات جاری رہی کیونکہ ماڈل ٹاﺅن کی ایف آئی آر، حکمرانوں کی چھٹی اور دس نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی بات ہوئی، عمران خان کی موجودگی میں بھی کچھ دیر ملاقات جاری رہی۔اُن کاکہناتھاکہ آرمی چیف سے پہلی ملاقات تھی اوراُنہیں پاکستان کا سپہ سالار ہونے کا حق دار پایا لیکن اب حکمران جھوٹی عزت بچانے کے لیے غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اوراِسی وجہ سے جھوٹ بولتے وزیراعظم کی زبان لڑکھڑارہی تھی، گردن کا سریا ٹوٹتادیکھ کر حکمران فوج کے پاس گئے ۔اُنہوں نے اعلان کیاکہ آرمی چیف اور آرمی سے کچھ نہیں کہناچاہتے ، وہ اپنے معاہدے پر قائم ہیں اور طے شدہ وقت پر ہی بات کریں گے اور تین شرائط پر عمل ہوگا۔طاہرالقادری کاکہناتھاکہ حکمران اب فوج کو بھی بدنام کرناچاہتے ہیں ، پاک فوج کبھی سیاسی جماعتوں کے کہنے پر نہیں آتی ، وہ برملا پوری دنیا کے سامنے اعلان کرتے ہیں کہ فوج اور اُس کے سربراہان سن رہے ہیں ، اگر وہ جھوٹ بول رہے ہیں تو فوجی دستے بھیجے جائیں اوراِسی وقت اُنہیں ہتھکڑیاں لگالیں ، وہ تیار ہیں ۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.