دھرنا چھوٹا سا طوفان ہے یہ ہیجانی کیفیت جلد ختم ہوجائے گی، وزیراعظم

 

لاہور: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں جاری پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کا دھرنا ایک چھوٹا سا طوفان ہے یہ ہیجانی کیفیت ایک دو روز میں ختم ہوجائے گی۔لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کے دوران تمام باتیں کھل کر ہوئی تھیں لیکن اب سمجھ نہیں انہیں اچانک کیا ہوگیا اور عمران خان، طاہرالقادری اور دوسروں کو یہ خیال کیسے آیا کہ انہوں نے ایک ہی دن اسلام آباد پر یلغار کرنی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے عمران خان اور طاہرالقادری کے جو مطالبات ماننے تھے انہیں مان لیا لیکن ان کی جانب سے ایسے مطالبات کئے جارہے ہیں جو میرے اختیار میں ہی نہیں ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ عوام کے ووٹوں سے بننے والی حکومت، ہمارے اتحادیوں اور اپوزیشن جماعتوں نے قومی اسمبلی میں قرارداد پاس کی ہے کہ جمہوریت کے خلاف اقدامات برداشت نہیں کریں۔ عمران خان اور طاہرالقادری کے یہ اقدامات جمہوریت کے خلاف ہی ہیں کہ چند ہزار افراد اسمبلیاں تحلیل، حکومت کے خاتمے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کررہےہیں، چند ہزار لوگوں کو پوری قوم کا مینڈیٹ یرغمال نہیں بنانے دیں گے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور مارچوں نے پاکستان کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، ایسا کرنے والوں کو سوچنا چاہئے انہوں نے قوم کی خوشحالی کی راہ میں خلل ڈالا ہے۔ ان حالات کی وجہ سے مالدیپ اور سری لنکن صدر اپنا دورہ منسوخ کرچکے ہیں اور اب چین کے صدر نے پاکستان آنا ہے جن کے اشتراک سے ہم بجلی کے پلانٹ لگانا چاہتے ہیں لہذا یہ احتجاج ان منصوبوں کی راہ میں بھی رکاوٹ بن سکتا ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.