عمران خان اور طاہر القادری کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے حکومت کو پارلیمنٹ یاد دلادی: اعتزاز احسن

 

اسلام آباد :پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماءچودھری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ عمران خان اور طاہر القادری کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے حکومت کو پارلیمنٹ یاد دلادی،کسی ابہام کے بغیر ہم جمہوریت کے ساتھ ہیں،اپوزیشن غیر مشروط طور پر جمہوریت اور آئین کے ساتھ کھڑی ہے ۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے روزانہ ہزاروں پیغامات آتے ہیں کہ آپ نواز حکومت کو کیوں بچارہے ہیں،بتانا چاہتا ہوں کہ جمہوریت کے ساتھ ہونے پر ہمارا کسی پر کوئی احسان نہیں ہے ۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے فیصلہ کیا ہے کہ استعفی نہیں دوں گا تو اس پر قائم رہیے گا ، ایوان آپ کے ساتھ کھڑا ہے ، 17 اپریل 1993ءکو بھی آپ نے کہا تھا کہ میں استعفیٰ کسی قیمت پر نہیں دوں گا لیکن 18 اپریل 1993ءکو آپ نے استعفیٰ دے دیا تھا ،وزیراعظم کا ہاتھ اپوزیشن نے تھام رکھا ہے، دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی ہے ۔ انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل ٹاﺅن میں حکومت نے قیامت برپا کی تھی ،حکومت 8چھوٹی رکاوٹیں ہٹانے گئی اور اسے ملک میں 800 بڑی رکاوٹیں کھڑی کرنا پڑیں،کنٹینر لگانا بھی کون سا قانون اور آئینی ہے،طاہر القادری 2ماہ سے اپنی درخواست کے مطابق ایف آئی آر کے لئے منتیں کرتے رہے لیکن حکومت ٹس سے مس نہ ہوئی ۔سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات کا اندیشہ ہے کہ حکومت اس امتحان سے بچ نکلی تو ان کے وزرا ءکے تکبر میں اضافہ ہوجائے گا،حکومت کے وزراءکو اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی،آپ کو سوچنا ہوگا کہیں آپ کے رفقاءمیں مزید تکبر تو نہیں آگیا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما ءنے انقلاب مارچ اور آزادی مارچ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب میںا یک سوچ پورے ملک میںپھیلی ہوئی ہوتی ہے، یہ کیسا انقلاب اور کیسی آزادی ہے،جب انقلاب آتا ہے تو ریلوے کا پہیہ بھی جام ہوجاتا ہے،لشکریوں کی بات ماننے کی روایت بن گئی تو کل کوئی بھی اس طرح مطالبات لے کر آسکتے ہیں،عمران خان بتائیں وہ 10 ڈاﺅننگ کس سیارے پر ہے جس کے باہر مسلح جتھہ احتجاج کرتا ہے ،کنٹینر میں رہنے یا بنی گالا جانے سے بھٹو نہیں بنا جاسکتا،بھٹو بننے کے لئے کنٹینر سے باہر نکلنا پڑتا ہے،سب سے آگے رہنے کے دعویدار عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر آگے بڑھے،،عمران خان بتائیں کہ چھوٹے صوبوں کا کیا قصور ہے،میڈیا نے ان لشکریوں کو زیادہ سر پر اٹھایا ہے،یہ یلغار پارلیمنٹ کے خلاف ہے، عمران خان پرویز خٹک سے استعفیٰ تو لے نہیں سکے، وزیراعظم سے کیسے لیں گے؟،پرویز خٹک نے بڑی ہوشیاری سے اپنی حکومت بچائی،عمران خان اور طاہرالقادری کی کامیابی ملک کے لئے سیاہ دن ہوگا،عمران اور طاہر القادری کئی دن سے لوگوں کو بلارہے ہیںلیکن کسی نے کان تک نہیں دھرے، کور کمانڈر ہم سے زیادہ ملکی حالات سے با خبر ہیں ۔سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مجبوراً کھڑے ہیں،جس دن بحران ختم ہوا پوری قوت سے اپوزیشن بنیں گے

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.