افغان صوبہ غزنی میں مقامی انٹیلجنس ایجنسی کے دفتر پر حملہ، 13 طالبان سمیت 17 افراد ہلاک

 

کابل: افغان شہر غزنی میں واقع ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے دفتر پر حملے کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں 13 حملہ آوروں سمیت 17 افراد ہلاک جبکہ 60 زخمی ہو گئے۔افغانستان کے صوبہ غزنی کے نائب صوبائی گورنر محمد علی احمدی نے غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 13 طالبان حملہ آوروں نے صوبائی دارالحکومت غزنی میں واقع نیشل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کی عمارت کے باہر پہلے دو بم دھماکے کئے جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔ حملہ آور انٹیلیجنس ایجنسی کی عمارت میں گھسنا چاہتے تھے تاہم ان کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا اور جھڑپوں کے دوران 13 طالبان سمیت 17 افراد ہلاک جبکہ 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔ افغان طالبان کے ترجمان نے غزنی میں ہونے والی اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس افغان طالبان نے مقامی اور غیر ملکی فوج کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ یہ کارروائیاں ایسے علاقوں میں بھی کی گئی ہیں جہاں نیٹو افواج کا کنٹرول مضبوط ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.