واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما ن کہا ہے کہ عراق اور شام میں حکومت کے خلاف بر سریپیکار تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کو حکمت عملی کے تحت کمزور کر کے شکست دیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اپنے ایک انٹر ویو میں براک اوباما کا کہنا تھا کہ داعش کے خاتمے کے لئے اپنی حکمت عملی کا ایک دو روز میں کروں گا تاہم داعش کو منظم حکمت عملی کے تحت کمزور کر کے شکست سے دوچار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں امریکی عوام کو داعش کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار کر رہا ہوں، ہم دولت اسلامیہ کے خلاف جارحانہ حملے کریں گے تاہم امریکی افواج زمینی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گی۔ داعش کے خلاف جنگ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کا حصہ ہوگی جو ہم گذشتہ 7 برسوں سے جاری رکھے ہوئے ہیں، اتحادیوں کے ساتھ مل کر داعش کا خاتمہ کیا جائے گا۔دوسری جانب عرب لیگ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ داعش کے خلاف تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ عرب لیگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے گذشتہ ماہ منظور کی گئی قراداد کی حمایت کرتے ہوئے رکن ممالک سے داعش کے شدت پسندوں کو عراق یا شام میں جانے والے ہتھیاروں اور پیسے کی روک تھام کے اقدامات کرنے کا کہا ہے۔
Leave a Reply