سیلاب متاثرین کی مدد کرنا احسان نہیں ہمارا فرض ہے، وزیراعظم

 

جھنگ: وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد کر کے حکومت آپ پر کوئی احسان نہیں کر رہی بلکہ یہ ہمارا فرض ہے اور سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔جھنگ کی تحصیل اٹھارہ ہزاری میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ 1992 میں بھی سیلاب نے برے پیمانے پر تباہی مچائی تھی لیکن اس بار کی تباہی اس سے بھی زیادہ ہے، سیلاب متاثرین کی مدد کرنا احسان نہیں بلکہ یہ ہمارا فرض ہے، سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انھوں نے تحصیل اٹھارہ ہزاری کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے بجلی کے بل معاف کرنے کا بھی اعلان کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مصیبت کی اس گھڑی میں اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، سیلاب متاثرین کی امیدوں کے عین مطابق ان کی مدد کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ گھروں کی تعمیر میں حکومت بھرپور معاونت کرے گی، جب آپ لوگوں کے گھروں کی تعمیر کا کام شروع ہو گا تو میں خود آکر اس میں حصہ ملاؤں گا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.