الیکشن کمیشن نے عمران خان کی انتخابی ریکارڈ کے معائنے کی درخواست منظور کر لی، بلدیاتی انتخابات کیلئے مردم شماری لازمی قرار

 

اسلام آباد :الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حلقہ این اے 122 کے انتخابی ریکارڈ کا معائنہ کرنے کی درخواست منظور کر لی ہے جبکہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے مردم شماری کو بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور چاروں صوبائی ممبران شریک ہوئے۔ اجلاس میں حلقہ بندیوں سے متعلق نئے قانونی مسودے پر غور کرنے کیساتھ ساتھ عمران خان اور افضل خان کے الزامات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کی انتخابی ریکارڈ کے معائنے سے متعلق درخواست بھی منظور کی گئی ہے جس کے تحت عمران خان صوبائی الیکشن کمشنر کی نگرانی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں انتخابی ریکارڈ کا معائنہ کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ 2013ءکے عام انتخابات میں عمران خان کو این اے 122 میں سردار ایاز صادق کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیلئے آئینی ترمیم اور بلدیاتی انتخابات سے پہلے مردم شماری کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مردم شماری کے بغیر شفاف حلقہ بندیاں نہیں ہو سکتیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.