Breaking News

کراچی میں بد امنی کی لہر برقرار، اے ایس آئی اور خاتون سمیت10افراد ہلاک

 

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں  اے ایس آئی،مسجدکمیٹی کے رکن، بینک ملازم اورخاتون سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ خاتون سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے ، ایس ایچ او پیر آباد کو معطل کر کے ایک درجہ تنزلی بھی کر دی گئی۔تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ کے علاقے جھٹ پٹ مارکیٹ شیل پٹرول پمپ کے قریب جمعے کوتقریبا سوا 3 بجے موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے50 سالہ محمد سعید بلوچ ولد عبد الرحمٰن بلوچ ہلاک ہوگیا،مقتول کے ایک دوست نے بتایا کہ سعید رانگی واڑہ کارہائشی اور جامعہ مسجد کا کمیٹی ممبر تھا،خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر5/C-1 وائٹ ہاؤس گرامر اسکول کے قریب جمعے کی صبح7 بجکر 50 منٹ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار35سالہ نعیم احمد ولد قادر بخش ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اسلم کھکرانی نے بتایا کہ مقتول علاقے کا رہائشی اور نجی بینک میں ملازمت کرتا تھا۔واقعے کے وقت وہ اپنے 5 سالہ بیٹے کواسکول چھوڑنے جا رہا کہ ملزمان نے بیٹے اوربیوی کے سامنے اسے گولیاں مارکرقتل کردیا اور فرارہوگئے، ماڑی پور کے علاقے نیا ٹرک اڈا گیٹ نمبر 6 واٹر پلانٹ کے قریب گندے پانی کی ندی سے 3افرادکی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ لاشیں ملیں، ایس ایچ او انسپکٹر چوہدری محمد سلیم نے بتایا کہ لاشیں 4 روز پرانی ہیں،مقتولین کوملزمان نے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر اور سینے پر گولیاں مار کر ہلاک کردیا، مقتولین کی شناخت 23سالہ ادریس ولد محمد ایوب ،22سالہ وقار ولد عبدالعزیز اور 23سالہ فیروز ولد یونس کے نام سے کر لی گئیں ۔فروز اور وقار آپس میں کزن اور لیاری کے علاقے چاکیواڑہ عیدو لین گلی نمبر 3کے رہائشی تھے جبکہ مقتول ادریس شہرخ لائن کا رہائشی تھا، مقتولین لیاری گینگ وار عذیر بلوچ گروپ شیرازکامریڈ گروپ کے کارندے تھے، مقتولین کو4 روز قبل مخالف گروپ کے کارندوں نے اغوا کیا تھا، بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا سیکٹر 1/A گلشن ظہور ٹیلی فون ایکسچینج کے عقب سے 20 سالہ فاریہ دختر عبدالسلیم کی لاش ملی،ایس ایچ او غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ مقتولہ لائنز ایریا کی رہائشی اور سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی اور جمعہ کی صبح گھر سے نکلی تھی جو لاپتہ ہوگئی تھی تاہم رات کو مقتولہ کے اہلخانہ نے اسے شناخت کرلیا،پیرآباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 4 جمیل بریانی شاپ کے قریب موٹرسائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے اے ایس آئی 40 سالہ بابر علی جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرارہوگئے۔جس کے باعث موقع پرموجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اورخوف وہراس پھیل گیا، ایس ایچ او نصیر مگسی کے مطابق مقتول اے ایس آئی سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں تربیتی کورس مکمل کر رہا تھا جبکہ وہ گھر کے قریب ہی مسجد سے نماز پڑھنے کے بعد سودا سلف خرید کر گھر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا، مقتول شادی شدہ اور کئی عرصے سے سیکٹر 4 میں ہی رہائش پذیر تھا، پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے نائن ایم ایم پستول کے 4 خول اپنے قبضے میں لے کر فارنسک لبیارٹری روانہ کر دیے ہیں، اے ایس آئی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنائے جانے پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے غفلت و لاپروائی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ اوپیرآباد سب انسپکٹر نصیر مگسی کو معطل کر کے عہدے میں ایک درجے تنزلی بھی کردی۔منگھوپیر روڈ قلندری ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 40 سالہ بشیر احمد ہلاک جبکہ 45 سالہ منظور علی شدید زخمی ہوگیا جو سیکیورٹی گارڈ بتایاجاتا ہے،واقعے کی اطلاع پر منگھوپیر اور شارع نورجہاں پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں دونوں میں حدود کا تنازع شروع ہوگیااور رات گئے تک دونوں تھانے حدود کے تنازع پر الجھے رہے جس کے باعث مزید معلومات حاصل نہیں ہو سکی جبکہ لاش عباسی شہید اسپتال میں کئی گھنٹوں تک ضابطے کی کارروائی کے انتظار میں پڑی رہی، ابراہیم حیدری کے علاقے علی اکبر شاہ گوٹھ میں فائرنگ کے پراسرار واقعہ میں 20 سالہ خیرالامین ہلاک ہوگیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کے اہلخانہ نے بتایا کہ خیرالامین گھر باہر کھڑا تھا کہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر میں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جسے اسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا ۔پولیس کے مطابق مقتول ماہی گیر تھا جبکہ فائرنگ کا واقعہ پراسرار ہے ، نیوکراچی کے علاقے سیکٹر 11-E یوپی سوسائٹی صرافہ بازار میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ ثمینہ اور محمد شریف زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر زخمی کیا ہے ، نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے جمعہ گوٹھ میں امان اﷲ اور کھارادر میں مہران بیکری کے قریب نامعلوم افراد کے تشدد سے سلمان کچھی نامی شخص شدید زخمی ہوگیا۔ایس ایچ او کلری آفتاب رند کے مطابق ماڑی پور روڈ پرانا ٹرک اڈے کے قریب واقع گڈز کمپنی کے 2 ملازمین جاوید اقبال اور محمد بوٹا کھانا کھا کر واپس دفتر آرہے کہ 2 افراد سے ان کا بات چیت کے دوران جھگڑا ہوگیا اور جس میں سے ایک ملزم نے فائرنگ کر کے دونوں کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں جاوید اقبال نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا جبکہ زخمی ہونے والے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

کیماڑی کے علاقے تارا چند روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 3 افراد عدنان ، محمد عمر اور یونس زخمی ہوگئے جنھیں سول اسپتال لایا گیا ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی مقبول خبریں


دلچسپ و عجیب
No News Found.

سائنس اور ٹیکنالو
No News Found.

اسپیشل فیچرز
No News Found.

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Baadban Tv. All Rights Reserved