صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین اور عمران خان سمیت سیاسی رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی مذمت کی ہے ، پرویز رشید کہتے ہیں اس طرح کے بزدلانہ واقعات کمزور نہیں کر سکتے۔صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے پشاور میں ایف سی کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گرد جلد اپنے انجام سے دوچار ہوں گے ۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے سفاک دہشت گردوں کی فی الفور گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔ وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی قابل مذمت ہے ۔ اس طرح کے بزدلانہ واقعات حکومت کے حوصلے پست نہیں کر سکتے ۔ اے این پی کے رہنماؤں نے پشاور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر کڑی تنقید کی ۔ دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر زاہد حسین کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک اسلام آباد پر قبضے کی کوشش میں مصروف ہیں جبکہ میاں افتخار کہتے ہیں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوگا ، حکومت شہر میں پولیس چیک پوسٹوں میں اضافہ کرے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی پشاور دھماکے کی مذمت اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
Leave a Reply