ایک سال تک جاری رہنے والے مقدمے کے بعد امریکی عدالت نے اسامہ بن لادن کے داماد سلمان ابو غیث کو دہشت گردی اور امریکیوں کو قتل کرنے کے الزامات میں عمر قید کی سزا سنادی ہے۔
نیو یارک میں امریکی ڈسٹرکٹ عدالت کے جج نے ابوغیث کوالقاعدہ کی مدد کرنے اور امریکیوں کو قتل کرنے کے الزامات میں سزا سنائی جبکہ رواں سال مارچ میں عدالت نے ان پر امریکیوں کو قتل کرنے کی سازش اور القاعدہ کی مدد کرنے کے الزام میں فرد جرم عائد کی تھی۔جج نے ابو غیث کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ آپ نے القاعدہ کے امریکیوں کو قتل کرنے کے ایجنڈے کی تکمیل کے لیے ہر اقدام کیا۔
عدالت کو وہ ویڈیو بھی دکھائی گئی جس میں وہ امریکیوں کو مار دینے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ابو غیث کا اپنے دفاع میں کہنا تھا کہ ان کا کردار صرف مذہبی تھا اور انہوں نے مسلمانوں کی حملہ آوروں کے خلاف حوصلہ افزائی کی تھی۔
ابوغیث اسامہ بن لادن کی سب سے بڑی بیٹی فاطمہ کے شوہر ہیں اورنائن الیون کے واقعے کے بعد وہ القاعدہ کے ترجمان کی حیثیت سے دنیا کے سامنے آئے، انہیں گذشتہ سال کویت سے گرفتار کر کے امریکہ لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسامہ بن لادن کو 2مئی 2011 ءکو پاکستان میں ایک حملے کے دوران امریکی فوجیوں نے ہلاک کردیا تھا۔
Leave a Reply