بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو خواتین سمیت مزید تین افراد جاں بحق،پاکستان کا منہ توڑ جواب

 

جنگی جنون میں مبتلا بھارتی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری کا سلسلہ پانچویں روز بھی جاری رہا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت مزید تین پاکستانی شہید ہو گئے ، چناب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں۔ایک طرف امن کا راگ دوسری طرف توپوں سے برستی آگ ،جنگی جنون نے بھارت کا مکروہ چہرہ پھر بے نقاب کر دیا ، ٹوٹے مکان ، خوفزدہ مکین ہر طرف موت کے سائے اور گھر بار چھوڑنے پر مجبور لوگ بھارتی جارحیت کی منہ بولتی تصویر بن چکے ہیں ۔ کب سرحد پار سے آنیوالا گولہ کس کو ابدی نیند سلا دے ، کوئی نہیں جانتا۔ ہٹ دھرم بھارت نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بجوات ، چپراڑ ، ہرپال ، سجیت گڑھ ، چاروا اور باجرہ گڑھی سیکٹرز میں نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا ۔ ہرپال سیکٹر کے گاؤں میں بیس سالہ اعظم اور رخسانہ دم توڑ گئے ۔ ظفروال سیکٹر میں ایک خاتون بھارتی گولوں کا نشانہ بن گئی ۔ چناب رینجرز نے جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن کی توپیں خاموش کرا دیں ۔ عسکری ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سے صرف ٹارگٹڈ ملٹری پوزیشنز پر فائر کئے گئے ، سیالکوٹ کے قریب ورکنگ باؤنڈی پر بھارتی فورسز کو بھاری نقصان کا سامنا بھی کرنا پڑا ، جمعرات کے روز سرحدی علاقوں میں ایک سو بیس تعلیمی ادارے بھی بند رہے ۔ لوگ جانیں بچانے کیلئے محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں ۔ دوسری جانب متاثرین کیلئے تین کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.