پاکستان کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے، وزیراعظم

 

وزیر اعظم نواز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری سرور کے درمیان گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی۔ جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں موجودہ سیاسی بحران اور اس کے حل کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا جبکہ گورنر پنجاب نے وزیر اعظم کو عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کی قیادت سے بلواسطہ رابطوں سے آگاہ کیا۔ملاقات میں پنجاب میں امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں اور اوور سیز پاکستانیوں کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اور ترقی کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہے۔ موجودہ حکومت عوام کے مسائل کے حل کیلیے سنجیدگی سے کوششیں کر رہی ہے اورا نشا اللہ سر خرو ہوں گے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نے گورنر کے بعض معاملات پر تحفظات کو دور کر دیا جبکہ گورنر نے وز یر اعظم کو عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کی قیادت سے بلواسطہ رابطوں کے حوالے سے تمام صورتحال بارے آگاہی دی۔این این آئی کے مطابق اسلام آباد میں وزیر اعظم نواز شریف سے مختلف حلقوں کے ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی اور اپنے علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کرنے والوں میں ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، رانا زاہد حسین خان، سردار ایم شفقت حیات خان، مخدوم خسرو بختیار اور عمر ایوب خان شامل تھے۔ آئی این پی کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں آئے تاہم قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہ کی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.