اسلام آباد: حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئے۔ مگر آج پھر بیٹھک لگے گی۔
پی ٹی آئی نے عدالتی کمیشن پر حکومتی مسودہ مسترد کردیا۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں جو امید لے کر آئے تھے پوری نہیں ہوئی جبکہ اسحاق ڈار کے مطابق صرف تین نکات پر اتفاق رائے باقی ہے۔
حکومت اور تحریک انصاف کی ٹیموں نے پانچ گھنٹے طویل بیٹھک لگائی ۔ دھاندلی کی تعریف پر ڈیڈ لاک برقرار رہا ۔ پی ٹی آئی کے عدالتی کمیشن کے مسودے پر تحفظات باقی رہے۔
اسلام آباد میں جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر مذاکراتی ٹیموں نے سر جوڑے تو دھاندلی کی تعریف اور عدالتی کمشن کے ٹائم فریم کا معاملہ آڑے آگیا۔ حکومتی ٹیم کا کہنا تھا کہ تحقیقات میں اگر منظم دھاندلی یا سازش ثابت ہوئی تو حکومت مستعفی ہو گی۔
کپتان کی ٹیم کا مؤقف تھا کہ غیر تصدیق شدہ اور جعلی ووٹوں کا مطلب ہی دھاندلی ہے، حکومت منظم دھاندلی اور سازش کے لفظ پر لچک دکھائے۔
Leave a Reply