کراچی : متحدہ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ طالبان کو آج سے ظالمان ہی پکارا جائے، طالبان انسانوں کے بھیس میں حیوان ہیں، علماء اپنے معتقدین کو بتائیں طالبان خارجی ہیں، پاک فوج طالبان، داعش اور القاعدہ کے دہشت گردوں کا قلع قمع کررہی ہے۔
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ٹیلی فون کے ذریعے کراچی میں علمائے و مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے کرنیوالے، گلے کاٹنے والے مسلمان نہیں، آج فیصلہ ہوجانا چاہئے طالبان کو ظالمان ہی پکارا جائے، علماء اپنے معتقدین کو بتائیں طالبان خارجی ہیں، دہشت گردی کرنیوالے طالبان کو کوئی دہشتگرد نہیں کہتا، یہ انسانوں کے بھیس میں حیوان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف راحیل شریف بہادر جرنیل ہیں، پاک فوج طالبان، داعش اور القاعدہ کے دہشتگردوں کا قلع قمع کررہی ہے۔
متحدہ کے قائد کہتے ہیں کہ ٹمبر مارکیٹ آتشزدگی کی پوری رات خبر لیتا رہا، سونے والوں کو اُٹھا کر متاثرین کی مدد کیلئے بھیجا، خدا کا کرم ہے سانحے میں کوئی جان نہیں گئی، ابھی تک وزیراعلیٰ سندھ نے ٹمبر مارکیٹ کا دورہ تک نہیں کیا اور نہ ہی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے سانحے پر کوئی بیان دیا۔
Leave a Reply